ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے خارجی دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے دوآبہ کے مختلف علاقوں میں بڑا آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ زخمی ہو ئے۔
آپریشن زرگیری، شناوڑی اور گردونواح میں ڈی پی او خالد خان کی نگرانی میں انجام پایا۔ دہشتگردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کے باوجود پولیس نے علاقے کو کلیئر کر دیا ہے۔ زخمی افسران کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، جبکہ ایس ایچ او نبی خان کی حالت معمولی ہے۔
پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور مقامی سیکیورٹی ادارے اس میں معاونت کر رہے ہیں۔ اس کارروائی کی معلومات خفیہ ذرائع سے حاصل ہوئی تھیں۔