اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ وزیرِ اعظم نے یوکے رائل انٹرنیشنل ایئر شو میں ایوارڈز جیتنے پر پاک فضائیہ کو مبارکباد دی اور جے ایف 17 تھنڈر کی شاندار کارکردگی کو بھی تعریف کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کی مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہو رہا ہے۔ انہوں نے سی 130 طیارے کی بھی ایئر شو میں شاندار کارکردگی پر تعریف کی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے مئی 2025 میں دشمن کے 6 طیارے گرا کر میدانِ جنگ میں اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے بھارت کے خلاف پاک فضائیہ کی طویل فضائی جنگ میں کارکردگی کو ہمیشہ یادگار قرار دیا۔
وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ پاک فضائیہ کی کامیاب کارروائیاں اور عالمی سطح پر اس کی صلاحیتوں کا اعتراف، اس بات کا غماز ہیں کہ پاکستان کا فضائی دفاع انتہائی مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔