اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کے یومِ الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، پیپلز پارٹی ہر مرحلے پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947 وہ تاریخی دن ہے جب کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا، اور یہ فیصلہ ہر پاکستانی کے دل میں عزت و وقار کے ساتھ زندہ ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ الحاقِ پاکستان ایک مقدس وعدہ ہے، جو نہ صرف قومی سوچ کا حصہ ہے بلکہ پیپلز پارٹی کی بنیاد کا بھی اہم ستون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وعدہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کیا تھا اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اسے ہر فورم پر تقویت دی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور پیپلز پارٹی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ الحاقِ پاکستان کے لیے جاری جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور فتح صرف کشمیری عوام کی ہو گی۔