صدرحسن روحانی کا نائب وزیر خارجہ کے ذریعے امیر قطر کے نام خصوصی پیغام

صدرحسن روحانی کا نائب وزیر خارجہ کے ذریعے امیر قطر کے نام خصوصی پیغام

تہران:ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے عرب اور افریقی امور حسین جابری انصاری نے قطر کا مختصر دورہ کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے قطری حکام سے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور امیر قطر کے لیے صدر حسن روحانی کا ایک خصوصی پیغام پہنچایا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں بتایا کہ جابری انصاری ایرانی عہدہ داروں کی جانب سے قطری عہدہ داروں کے لیے دوستانہ پیغام لے کر گئے تھے۔
ترجمان نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ اسلامی دنیا کے درمیان اتحاد اور یک جہتی پر زوردیا ہے اور خطے میں امن اور سلامتی کے قیام میں مدد دی ہے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کا یہ دورہ قطری حکام کے ساتھ جاری مشاورت ہی کا تسلسل تھا۔
ایرانی حکومت کے قریب ایک ویب سائٹ نے قطری نیوز ایجنسی کے حوالے سے یہ اطلاع دی کہ جابری انصاری صدر حسن روحانی کا امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل خلیفہ کے لیے ایک زبانی پیغام لے کرآئے تھے اور انھوں نے ہفتے کی شب قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کے ساتھ ملاقات میں یہ پیغام پہنچایا تھا۔
قطری نیوز ایجنسی نے اس پیغام کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔جابری انصاری ایران کے پہلے عہدہ دار ہیں جنھوں نے دو ہفتے قبل سعودی عرب ، مصر ،متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے قطر کے ساتھ تعلقات توڑنے کے بعد دوحہ کا یہ دورہ کیا ہے۔

ْنیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔