اپوزیشن کی وزیراعلیٰ بلوچستان اور پولیس کے خلاف مقدمے کی درخواست

اپوزیشن کی وزیراعلیٰ بلوچستان اور پولیس کے خلاف مقدمے کی درخواست
سورس: file

کوئٹہ ( نیو نیوز) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے 3 درخواستیں بجلی روڈ پولیس تھانے میں دے دی ہیں۔

نیو نیوز کے مطابق بی این پی کے رکن اختر لانگو نے وزیراعلیٰ اور پولیس کے خلاف ایف آئی آر کیلئے تین درخواستیں دیں۔ ایک درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بکتر بند گاڑی کی ٹکر سے تین ایم پی ایز کو زخمی کیا گیا۔

دوسری درخواست ایس ایس پی آپریشن کی جانب سے رکن اسمبلی ثناء بلوچ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے خلاف دی گئی جبکہ تیسری درخواست پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد کے خلاف دی گئی۔

اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع  کا کہنا ہے کہ حکومت ارکان اسمبلی کے قتل کے ارادے سے آئی تھی۔ ہمارے ایم پی ایز پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ہنگامہ آ رائی اور توڑ پھوڑ کے دوران صوبائی حکومت نے نئے مالی سال 22-2021کا بجٹ ایوان میں پیش کیا.

بجٹ اجلاس کے روز اپوزیشن اراکین اور ان کے حمایتوں نے اسمبلی کے گیٹ کو تالے لگادیے ،وزیر اعلیٰ جام کمال خان اور حکومتی اراکین کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تو پولیس ایکشن میں آگئی اس دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی اور پولیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 3اراکین اسمبلی زخمی ہوئے ۔

 اس موقع پر احتجاج کرنے والوں نے وہاں رکھے گملوں توڑ دیے جب کہ وزیراعلیٰ جام کمال پر جوتا بھی اچھال دیااور گملا بھی مارا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔