اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمٰن نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں موجودہ بجٹ اجلاس، قانون سازی کے امور اور حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں سفارتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سینیٹر شیری رحمٰن نے صدر مملکت کو سینیٹ میں جاری بجٹ بحث، قانون سازی کے عمل اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مؤثر پارلیمانی کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی قومی مفادات کے تحفظ اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے پاک-بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے امن پسند مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی کی سفارتی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے اصولی اور ذمہ دارانہ مؤقف سے آگاہ کیا، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر پاکستان کی حمایت میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے صدرِ مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اور اس کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری پر جس اعتماد اور حمایت کا اظہار کیا گیا، وہ نہایت حوصلہ افزا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی کی کوششوں کو سراہا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے پر ٹیم کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کو ترجیح دیتا ہے۔