اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں دنیا بھر میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک پر پھر کوئی مشکل وقت آیا، تو پاکستان کی ہر عورت، بچہ اور نوجوان اس کا دفاع کرے گا۔ آصفہ بھٹو نے اپنی تقریر کا آغاز پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کیا اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔
تعلیم کے حوالے سے انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ہمیں تعلیم کو اولین ترجیح دینی چاہیے اور بجٹ میں اس شعبے کے لیے زیادہ فنڈز مختص کرنے کی ضرورت ہے۔
ملکی مسائل پر بات کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ یہ شرمناک بات ہے کہ 2025 میں بھی ملک کے کئی علاقے بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ "ہمارے کئی علاقوں میں روزانہ 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جس سے عام آدمی، خاص طور پر غریب اور مزدور طبقہ شدید متاثر ہوتا ہے،" انہوں نے کہا۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو پسے ہوئے، تنہا اور محروم طبقات کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔
آخر میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت اور کمزور طبقے کی آواز بلند کرنے کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بھی یہی مشن جاری رکھے گی۔