لندن/اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایران۔اسرائیل کشیدگی کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ کم ترین سطح پر آ گئی ہیں، جس کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2.7 فیصد کمی کے بعد 76.9 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 3 فیصد کمی کے بعد 73.6 ڈالر فی بیرل سے نیچے گر گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی مرتب ہونے کا امکان ہے، جہاں آج رات پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزیر پٹرولیم کو ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام تک پہنچایا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جائے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے کے بعد ہوگا، جبکہ عوام کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کی توقع ہے۔