Get Alerts

خیبرپختونخوا کا 2 ہزار 170 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں و پنشن میں 7 فیصد اضافہ

خیبرپختونخوا کا 2 ہزار 170 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں و پنشن میں 7 فیصد اضافہ

پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2026-27 کا  بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے مجموعی حجم 2 ہزار 170 ارب روپے ظاہر کیا۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، شور شرابہ اور اسپیکر ڈائس کے گھیراؤ کے باعث ایوان میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ اپوزیشن ارکان نے پلے کارڈز اٹھا کر نعرے بازی بھی کی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، کوئی ڈرافٹ سائن نہیں کیا جائے گا اور وفاق کو کوئی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔

سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور شور شرابہ دیکھنے میں آیا۔ اپوزیشن ارکان نے ایوان میں نعرے بازی اور احتجاج کیا، جس پر ایوان میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔

وزیراعلیٰ نے ایوان میں اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “حوصلہ رکھیں” اور عملے کو ہدایت کی کہ اپوزیشن ارکان کو پانی فراہم کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کا مؤقف رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج بہترین ہسپتال میں ہونا چاہیے اور ان سے ملاقاتیں بحال کی جائیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام نے تیسری بار مسلسل تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے۔

اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر ناراض اراکین کی شرکت بھی رپورٹ کی گئی۔ بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے احتجاج کے باعث ایوان میں صورتحال کافی دیر تک کشیدہ رہی۔بجٹ پر بحث آئندہ اجلاس میں جاری رہے گی۔

ٹیگز: