یوٹیوب کی جانب سے ویڈیو پلیٹ فارم کے ڈیزائن میں اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد انٹرفیس کو زیادہ صاف ستھرا، منظم اور صارف دوست بنانا ہے۔
نئی اپ ڈیٹ کے بعد ویڈیو کے نیچے والا حصہ، جہاں پہلے چینل کی مکمل تفصیلات، سبسکرائب بٹن اور مختلف آپشنز دکھائے جاتے تھے، اب اسے زیادہ مختصر اور سادہ بنایا جا رہا ہے۔ اس نئے انداز میں صرف چینل کا لوگو اور یوزر نیم دکھائی دے گا۔
اسی طرح ویڈیو کے ساتھ موجود ایکشن بٹن جیسے لائک، ڈس لائک، شیئر اور اے آئی پر مبنی “آسک” فیچر کو ایک ہی قطار میں ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ ان تک رسائی آسان اور تیز ہو سکے۔
مزید برآں سیو، ڈاؤن لوڈ اور رپورٹ جیسے اضافی آپشنز کو مین اسکرین سے ہٹا کر ایک اوور فلو مینیو میں منتقل کیا جا رہا ہے، جو مرکزی بٹنوں کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ اس تبدیلی کا مقصد اسکرین پر موجود غیر ضروری عناصر کو کم کرنا ہے۔
یوٹیوب ویڈیو کے ٹائٹل کو بھی زیادہ بڑا اور واضح کیا جا رہا ہے تاکہ اسے پڑھنے میں آسانی ہو اور صارف کی توجہ بہتر طور پر مرکوز رہ سکے۔
رپورٹس کے مطابق ان تمام تبدیلیوں کا بنیادی مقصد پرانے اور بوجھل ڈیزائن کو ختم کر کے ایک جدید، ہلکا پھلکا اور بہتر صارف تجربہ فراہم کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اے آئی پر مبنی “آسک” فیچر کو بھی زیادہ نمایاں کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین اسے آسانی سے استعمال کر سکیں۔