Get Alerts

اسحاق ڈار مصر میں آر-4 وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے

اسحاق ڈار مصر میں آر-4 وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اتوار کے روز قاہرہ (مصر) کا دورہ کریں گے جہاں وہ آر-4 گروپ ممالک کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ دورہ مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، جو خطے کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

پچھلے اجلاسوں کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے، شرکاء باہمی تعاون کے فروغ اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں روابط مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کریں گے۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار کی مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے دو طرفہ ملاقات بھی متوقع ہے جبکہ وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

پاکستان نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دینے کا اعادہ کیا ہے۔ آر-4 فریم ورک کو رکن ممالک کے درمیان مشاورت، تعاون اور خطے میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کا مظہر قرار دیا جاتا ہے۔
 
 
 

ٹیگز: