کراچی : شہرِ قائد میں اچانک موسم کی شدت نے تباہی مچا دی ہے۔ 97 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں درخت، بجلی کے کھمبے اور سائن بورڈ گرنے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
بلدیہ مواچھ گوٹھ میں ایک عمارت کی دیوار گرنے سے 11 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد نشے کے عادی تھے جو بارش سے بچنے کے لیے دیوار کا سہارا لیے ہوئے تھے۔
ملیر ندی کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی جان گئی، جبکہ کلفٹن، قائد آباد اور مچھر کالونی میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور شاہراہِ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں درجنوں درخت اور بجلی کے کھمبے جڑ سے اکھڑ گئے۔ لیاری میں بجلی کی تاریں گرنے سے سپلائی مکمل طور پر منقطع ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ماڑی پور میں ہواؤں کی رفتار 97 کلومیٹر جبکہ شاہراہِ فیصل پر 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ گرومندر، گلشنِ اقبال، نارتھ کراچی اور ڈیفنس سمیت شہر کے تمام چھوٹے بڑے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔