Get Alerts

خلیجی جنگ کا ملبہ بھارت پر گر گیا: ایل پی جی کا بدترین بحران، دہلی سمیت بڑے شہروں میں نظامِ زندگی مفلوج

خلیجی جنگ کا ملبہ بھارت پر گر گیا: ایل پی جی کا بدترین بحران، دہلی سمیت بڑے شہروں میں نظامِ زندگی مفلوج

نئی دہلی / واشنگٹن مشرقِ وسطیٰ میں چھڑنے والی خلیجی جنگ نے بھارتی معیشت اور عوامی زندگی کو شدید لپیٹ میں لے لیا ہے۔ عالمی سطح پر سپلائی چین متاثر ہونے کے باعث بھارت کو اس وقت ایل پی جی (LPG) کی بدترین قلت کا سامنا ہے، جس نے ملک بھر میں ایک نئے معاشی بحران کو جنم دے دیا ہے۔
امریکی معاشی جریدے ’’بلومبرگ‘‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ خلیجی جنگ کی وجہ سے ایل پی جی کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے نے بھارتی مزدور طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک سے درآمدات متاثر ہونے سے بھارت کے پاس موجود ذخائر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔  غریب اور متوسط طبقے کے لیے اب گھریلو ایندھن کا حصول ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔
بھارتی دارالحکومت دہلی، ممبئی اور کولکتہ جیسے بڑے شہروں میں گیس کی قلت کے اثرات نمایاں ہیں، ایل پی جی پر منحصر چھوٹے کارخانے، ہوٹلز اور ٹرانسپورٹ کا شعبہ بند ہونے کے قریب ہے، جس سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈرز کی قیمتیں دگنی ہونے کے باوجود مارکیٹ سے غائب ہیں، جس سے روزمرہ زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خلیجی جنگ طویل ہوئی تو بھارت میں پٹرولیم مصنوعات اور گیس کا یہ بحران مزید سنگین ہو جائے گا۔ بھارت کی توانائی کے لیے خلیجی ریاستوں پر حد سے زیادہ انحصار کی پالیسی اب اس کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔خلیجی جنگ نے بھارتی سپلائی چین کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں دہلی سمیت پورے بھارت میں معاشی پہیہ جام ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

ٹیگز: