اسلام آباد: پاکستان میں شوال 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوگا۔ اجلاس چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور کے کوہسار بلاک میں ہوگا اور اس میں کمیٹی کے ارکان کے ساتھ محکمہ موسمیات کا نمائندہ بھی شریک ہوگا۔
زونل کمیٹیاں اپنے متعلقہ شہروں میں اجلاس کریں گی، اور مرکزی کمیٹی چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان شہادتوں کی بنیاد پر کرے گی۔ قومی خلائی ادارے سپارکو نے آج پیش گوئی کی ہے کہ چاند نظر نہیں آئے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ شوال کا چاند ملک بھر میں کہیں بھی نہیں دیکھا گیا، جس کے بعد رمضان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور عید الفطر جمعہ کو منائی جائے گی۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور قطر نے بھی 20 مارچ کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔ یو اے ای اور قطر میں شوال کے چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوئے، لیکن چاند نظر نہ آنے کے بعد یکم شوال 1447 ہجری کا اعلان کیا گیا۔
دوسری جانب، افغانستان میں شوال کا چاند گزشتہ رات نظر آنے پر آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبہ فراہ، ہلمند اور غور میں متعدد افراد نے چاند دیکھنے کی شہادت دی، جسے سپریم کورٹ نے قابلِ اعتبار قرار دیا۔