اسلام آباد : پاکستان میں جدید ترین انٹرنیٹ ٹیکنالوجی 5G کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک کی تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد آج سے ہی ان سروسز کا مرحلہ وار آغاز کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے افق' لائسنس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیش رفت کو صنعت، زراعت اور آئی ٹی سیکٹرز میں سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا5G سپیکٹرم کی نیلامی انتہائی شفاف انداز میں کی گئی ہے۔ ہمارے نوجوان اس جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر آئی ٹی کے شعبے میں ملک کا نام روشن کریں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کی ایک اہم جھلک یہ جدید ٹیکنالوجی ہے اور حکومت ملک کے طول و عرض میں جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
آئی ٹی سیکٹر اور انٹرنیٹ کے معیار میں بہتری وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ 5G سروس متعارف کرانا وزیراعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پروگرام کو مختصر رکھا گیا ہے۔ شہریوں کو بہتر 4G سروسز کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آنے والے چند ماہ میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کا مجموعی معیار نمایاں طور پر بہتر ہو جائے گا۔
پاکستان خطے میں سپیکٹرم استعداد میں پہلے نمبر پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے تقریب کو بتایا کہ پاکستان میں موبائل ٹیکنالوجی کا سفر 90 کی دہائی میں شروع ہوا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 2004 سے 2025 تک سپیکٹرم کی چار بڑی نیلامیاں کی گئیں۔ 480 میگا ہرٹز کی شفاف نیلامی کے بعد پاکستان اب خطے میں سپیکٹرم کی استعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر آگیا ہے