ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کا معاملہ لٹک گیا مگر کیوں؟ 

ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کا معاملہ لٹک گیا مگر کیوں؟ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: ملک بھر میں طلبہ اور ان کے والدین کا تعلیمی اداروں کے حوالے سے فیصلے کا انتظار مزید بڑھ گیا ہے کیونکہ وزرائے تعلیم کی مصروفیات کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کا اجلاس آج بھی نہیں ہو سکا۔ 
تفصیلات کے مطابق سکولوں کی بندش کا مسئلہ جوں کاتوں ہے اور این سی او سی کا اجلاس وزرائے تعلیم کی مصروفیت کے باعث لٹک گیا جس میں تعلیمی ادارے 23 مئی کے بعد کھولنے یا نہ کھولنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جانا تھا تاہم اب یہ اجلاس 23 مئی سے قبل کسی بھی دن بلائے جانے کا امکان ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخوں کے حوالے سے غور و فکر کے بعد حتمی اعلان کیا جانا تھا لیکن ابھی تک یہ ممکن نہیں ہو سکا۔ سابقہ وزرائے تعلیم کانفرنس میں تعلیمی ادارے 23 مئی تک مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب اس حوالے سے 23 مئی سے قبل کسی بھی دن اجلاس کے انعقاد کا امکان ہے۔