کوپن ہیگن :ڈنمارک میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ڈنمارک اور پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں خواتین، بچے، سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری اور رفاہی حلقوں کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں، جب کہ مقامی ڈینش میئر، ڈپٹی میئر اور کونسلرز نے بھی شرکت کر کے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے منتظمین میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ڈنمارک کے صدر بابر خان، پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے قائم مقام صدر سید امیر مختار نقوی اور چوہدری افضال آف ڈھل شامل تھے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین، صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر تھے، جب کہ معروف سیاسی و سماجی شخصیت میاں منیر نے بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔شرکاء نے پاکستان کی کامیابی پر کیک کاٹا اور ملی نغموں کی دھن پر رقص کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ فضا "پاکستان زندہ باد"، "افواجِ پاکستان زندہ باد"، "سپہ سالار جنرل عاصم منیر زندہ باد" اور "مودی مردہ باد" جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔ ڈینش شہری اور دیگر غیرملکی کمیونٹیز بھی فتح کی خوشی میں شریک ہوئیں اور وکٹری کے نشان بنا کر پاکستانی کمیونٹی سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
تقریب کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ مختلف سیاسی جماعتوں بشمول پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی نے پہلی مرتبہ مل کر پاکستان کی فتح کا جشن منایا، جو قومی اتحاد کی ایک خوبصورت مثال بنی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہاہمارے شاہینوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا، جسے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے شہداء، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔ تقریب میں سینئر صحافی راجہ غفور نے بھی خصوصی شرکت کی۔