غزہ: اسرائیل کا وحشیانہ حملہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ ترین بمباری میں مزید 144 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق، خان یونس میں اسرائیل نے خیموں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں حماس کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار کا دوسرا بھائی، زکریا سنوار شہید ہو گیا۔ وہ غزہ کی اسلامی یونیورسٹی میں پروفیسر تھے اور ان کے بیٹے بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی حملے میں سیف زون المواسی کیمپ پر 36 فلسطینی شہید ہو گئے، جس سے مجموعی طور پر شہید فلسطینیوں کی تعداد 53,339 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 21 ہزار 34 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی حملوں میں تین صحافی بھی شہید ہوئے، جس کے ساتھ ہی صحافیوں کی شہادتوں کی تعداد 230 ہو گئی۔ غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی ناکہ بندی بدستور جاری ہے جس کی وجہ سے امدادی سامان اور ادویات کی کمی شدید ہو گئی ہے۔ تمام اسپتال طبی خدمات فراہم کرنے میں ناکام ہیں، جس سے غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔