کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والے گوگل نے اپنے مشہور سرچ انجن کے ہوم پیج پر اہم تبدیلی کی تیاری شروع کر دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، گوگل نے روایتی "I'm Feeling Lucky" بٹن کی جگہ اب "AI Mode" کا فیچر متعارف کرانے کی آزمائش شروع کر دی ہے۔
اس نئے فیچر کے تحت صارفین جب "AI Mode" پر کلک کریں گے تو انہیں گوگل کے جدید "جیمنائی" (Gemini) اے آئی ماڈل پر مبنی سرچ انجن کی طرف منتقل کر دیا جائے گا۔ یہاں صارفین ایک نئے انداز میں تلاش کا تجربہ حاصل کر سکیں گے، جہاں روایتی نتائج کے بجائے مصنوعی ذہانت کی مدد سے زیادہ تجزیاتی اور مکالماتی جوابات دیے جائیں گے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فی الحال یہ فیچر صرف امریکا کے چند منتخب صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ گوگل نے باضابطہ طور پر ابھی تک کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنی جلد ہی "AI Mode" کی آفیشل آزمائش کا اعلان کرے گی، جس کے بعد یہ دنیا بھر میں صارفین کے لیے متعارف کروا دیا جائے گا۔
"جیمنائی" گوگل کا جدید ترین مصنوعی ذہانت پر مبنی سرچ ماڈل ہے، جو صرف تلاش کے نتائج فراہم نہیں کرتا بلکہ صارف کے سوالات کو سمجھ کر ان کے مطابق بہتر، تفصیلی اور مکالماتی جوابات دیتا ہے۔ یہ فیچر OpenAI کے چیٹ جی پی ٹی کی طرز پر کام کرتا ہے اور سرچنگ کو ایک نئی جہت دینے کی کوشش ہے۔
ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کے مطابق گوگل کا یہ قدم سرچ انجن کے مستقبل کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جو نہ صرف صارفین کو زیادہ موثر اور ذاتی نوعیت کا تجربہ فراہم کرے گا بلکہ گوگل کو دیگر اے آئی پلیٹ فارمز سے آگے رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔