اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے قومی سلامتی اور ریاستی مفادات کے خلاف سرگرم ویب سائٹس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1,19,496 سائٹس کو بلاک کر دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ان سائٹس پر وہ مواد شائع کیا جا رہا تھا جو ملک کے دفاع، سلامتی، نظریاتی اساس اور ریاستی اداروں کے خلاف تھا۔ کارروائی سائبر نگرانی اور شکایات پر مبنی نظام کے تحت کی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ 3,248 یوٹیوب لنکس بھی بلاک کیے گئے جو ملکی مفادات کے خلاف مواد کی تشہیر میں ملوث پائے گئے۔ تاہم، ان بلاک شدہ ویب سائٹس اور یوٹیوب لنکس کی مکمل تفصیلات "رازداری کے اصولوں" کے تحت ظاہر نہیں کی گئیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریاست مخالف پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، تاکہ پاکستان کے آن لائن انفارمیشن اسپیس کو محفوظ رکھا جا سکے۔