اسلام آباد : اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ملک بھر کی توجہ کا مرکز بننے والے ہائی پروفائل 'ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس' کا بڑا فیصلہ سناتے ہوئے سفاک قاتل عمر حیات کو سزائے موت کا حکم دے دیا ہے۔ فاضل عدالت نے آج ہی پراسیکیوشن کی حتمی جرح اور دلائل مکمل ہونے پر مقدمے کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے چند گھنٹوں بعد ہی سناتے ہوئے مجرم پر سزائے موت کے ساتھ ساتھ 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے ملزم عمر حیات کو عبرت ناک سزا دینے کی سخت استدعا کی گئی تھی، جس کے لیے سرکاری وکیل نے اعلیٰ عدلیہ کے مختلف تاریخی فیصلوں کے حوالے بھی دیے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن نے گواہوں کے بیانات اور سائنسی شواہد کی مدد سے ملزم کا جرم عدالت میں ناقابلِ تردید حد تک ثابت کیا۔ ثناء یوسف کے بہیمانہ قتل پر عدالت نے قانون کا نفاذ کرتے ہوئے مجرم کو پھانسی اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
فیصلہ سنائے جانے کے تاریخی لمحات کے دوران سیشن کورٹ اور کچہری کے باہر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔ مقتولہ ثناء یوسف کے لواحقین نے عدالت سے انصاف ملنے پر شکرانے کے کلمات ادا کیے۔