کوئٹہ:وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں ایک اہم اور پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، دشمن نے جب بھی خود کو ہم سے زیادہ طاقتور سمجھنے کی غلطی کی، اسے منہ توڑ جواب ملا۔
وزیراعظم نے ادارے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ نظم و ضبط، قیادت اور پیشہ ورانہ تربیت کی درخشاں روایات کا امین ہے۔ انہوں نے وطنِ عزیز کے بہادر بیٹوں، بیٹیوں اور دوست ممالک سے آئے ہوئے مہمان افسروں کے درمیان اپنی موجودگی کو باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے ان محافظوں پر فخر ہے جو ہماری خودمختاری کے نگہبان ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال قبل ہونے والی بھارتی جارحیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے طاقت کے گھمنڈ میں پاکستان پر جارحیت مسلط کی تھی۔ پاکستان نے ہمیشہ کی طرح پہلے مذاکرات کی مخلصانہ پیشکش کی، لیکن سنجیدہ پیشکش کا مثبت جواب دینے کے بجائے دشمن نے اشتعال انگیزی کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی فضائی برتری اور میزائلوں کی درست صلاحیت نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کے سچ پر مبنی مؤقف کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی اور دشمن کے الزامات مکمل طور پر بے نقاب ہو گئے۔ ہم نے دنیا پر ثابت کیا کہ ہماری امن کی خواہش کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غیر معمولی جرات، ذمہ دار قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کی قیادت نے دفاعِ وطن کے قومی یقین کو مزید مضبوط کیا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جاری مہم کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے عزم دہرایا کہ پاک سرزمین سے دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کر کے ہی دم لیں گے اور یہ جنگ بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔
موجودہ بین الاقوامی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ نے پورے خطے کو غیر یقینی صورتحال اور معاشی چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں پاکستان نے خطے میں قیامِ امن اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بھرپور سفارتی کاوشیں کی ہیں اور پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔