ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات, وزیر اعظم عمران خان کا دوٹوک جواب

ٹرمپ کے پاکستان پر الزامات, وزیر اعظم عمران خان کا دوٹوک جواب

اسلام آباد :امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک اور بیان داغ دیا ۔


ٹرمپ نے اپنی تازہ ٹوئٹ میں ایک بار پھر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کردی،ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تازہ ٹوئٹ میں کہا کہ امریکا کو اسامہ بن لادن کو بہت پہلے ہی پکڑ لینا چاہیے تھا، نائن الیون حملے سے پہلے ہی میں نے اپنی کتاب میں اسامہ کی نشاندہی کردی تھی، صدر بل کلنٹن اسامہ بن لادن کے معاملے میں چوک گئے۔

ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ہم نے اربوں ڈالر دیے لیکن پاکستان نے کبھی نہیں بتایا کہ اسامہ وہاں ہے،امریکی صدر نے ایک بار پھر امداد بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے لکھا کہ اب مزید اربوں ڈالر پاکستان کو نہیں دیں گے، پاکستان نے ہمارے پیسے لے کر بھی ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، اسامہ بن لادن اس کی بڑی مثال ہے جبکہ افغانستان دوسری مثال ہے۔

عمران خان نے ٹرمپ کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کو تاریخی حقائق بتانے کی ضرورت ہے ، ٹرمپ کے الزامات پاکستان کے زخموں پر پانی چھڑکنا ہے ،اب صرف وہ ہی ہو گا جو پاکستان کے مفاد میں ہو گا ،امریکی جنگ لڑتے ہوئے پاکستان نے بہت نقصان اُٹھایا ہے ،پاکستان نے امریکی جنگ 72ہزار سے زائد جانوں کا نقصان اُٹھایا ،عام شہری کی زندگی علیحدہ متاثر ہوئی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے دوٹوک اعلان کرتے ہو ئے کہا کہ اب سے وہ ہی ہوگا جو پاکستان کے مفاد میں ہے ۔

واضح رہے ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان ایسے ممالک میں سے ہے جو امریکہ سے لیتے تھے اور بدلے میں کچھ نہیں دیتے تھے ،اب یہ سب ختم ہورہا ہے،پاکستان نے ہمارے پیسے لے کر بھی ہمارے لئے کچھ نہیں کیا ،اس کی ایک بڑی مثال اسامہ بن لادن ہے جبکہ افغانستان ایک اور مثال بن رہا ہے،انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اربوں ڈالردیے لیکن پاکستان نے کبھی نہیں بتایاکہ اسامہ وہاں ہے،اب اسے مزید ڈالرز نہیں دیں گے۔