بابراعظم نے بنگلہ دیش کیخلاف فتح کا کریڈٹ کسے دیا؟

بابراعظم نے بنگلہ دیش کیخلاف فتح کا کریڈٹ کسے دیا؟

ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں فتح کا کریڈٹ مڈل آرڈر اور باﺅلرز کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے مشکل تھی۔ 
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ وکٹ مشکل تھی لیکن مڈل آرڈر بلے بازوں فخر زمان اور خوشدل شاہ کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے بھرپور طریقے سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا جبکہ محمد نواز نے بہترین طریقے سے میچ اختتام پذیر کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ باﺅلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر 15 سے 20 رنز زیادہ دئیے تاہم ٹی 20 کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود باﺅلرز کی کارکردگی کو جتنا سراہا جائے اتنا ہی کم ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان نے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے جس کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی تاہم خوشدل شاہ، فخر زمان ، شاداب خان اور محمد نواز کی پراعتماد بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم یہ میچ 6 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔ 
شاداب خان اور محمد نواز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 18 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔ شاداب خان نے10 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 21 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 8 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 18 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے۔