غزہ: اسرائیل نے غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رفح بارڈر کو کھولنے پر اس بات کا انحصار ہوگا کہ حماس اسرائیل کے مغویوں کی لاشوں کی واپسی اور طے شدہ فریم ورک کو نافذ کرنے میں کیا کردار ادا کرتا ہے۔
حماس نے اپنی طرف سے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے حوالے مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں کرے گا۔ اس کے باوجود، اسرائیل کا موقف ہے کہ اس وقت تک بارڈر کھولنے پر غور نہیں کیا جائے گا جب تک حماس اس معاملے میں تعاون نہیں کرتا۔
اسرائیل نے جنگ بندی کے دوران بھی متعدد خلاف ورزیاں کی ہیں۔ تازہ ترین صورتحال کے مطابق، اسرائیل نے جنوبی لبنان کے ضلع طائر میں ایک حملہ کر کے ایک شخص کو شہید کر دیا۔ اس سے قبل اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 بچے اور 3 خواتین سمیت 11 افراد شہید ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں درجنوں افراد کو شہید کیا ہے، جس سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔