Get Alerts

پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سپیشل یونٹ کا قیام، ٹیکس کلیکشن بڑھانے کے لیے اہم اقدامات

پنجاب ریونیو اتھارٹی میں سپیشل یونٹ کا قیام، ٹیکس کلیکشن بڑھانے کے لیے اہم اقدامات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لیے اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) میں سپیشل یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اس یونٹ میں فیکٹوریل، ٹیکس کنسلٹنٹس، لیگل ایکسپرٹس اور ڈیٹا اینالسٹس شامل ہوں گے تاکہ ٹیکس کلیکشن کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار 30 اضلاع تک بڑھایا جائے گا، جس سے مقامی سطح پر ٹیکس کلیکشن کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، 130 انفورسمنٹ آفیسرز کی بھرتی کی اصولی منظوری دی گئی ہے تاکہ ٹیکس چوری کی روک تھام اور ادارے کے انفورسمنٹ عمل کو مستحکم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اضلاع تک ریونیو اتھارٹی کی توسیع کے لیے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی اور پی آر اے کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس دہندگان کے لیے ایک سہولت ایپ متعارف کرائے تاکہ ٹیکس ادائیگی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔

اجلاس میں پنجاب میں ریونیو بڑھانے کے لیے 19 نئے سیکٹرز کو شامل کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نئے سیکٹرز کی شمولیت سے ٹیکس کی وصولی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسی طرح، اضلاع میں ریونیو اتھارٹی کی اضافی ذمہ داریاں اے ڈی سی جی (ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل) کو تفویض کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ مقامی سطح پر بہتر نگرانی اور انتظام ممکن ہو سکے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اور ان اقدامات کے ذریعے ٹیکس کے نظام میں مزید شفافیت لائی جائے گی۔

حکومت کے ان اقدامات سے امید کی جا رہی ہے کہ پنجاب میں ٹیکس کلیکشن کا حجم بڑھے گا اور صوبے کی معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی .

ٹیگز: