لندن : وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ برطانوی حکام، پاکستانی بزنس کمیونٹی اور اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم اپنی قیام گاہ سینٹرل لندن میں پہنچ چکے ہیں۔ لندن میں قیام کے دوران وہ مختلف اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ ہفتے کے روز وہ "اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن" کی ایک تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔
برطانیہ روانگی سے قبل وزیراعظم نے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں مختصر قیام کیا، جہاں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی عیادت کی۔ نواز شریف ان دنوں علاج کی غرض سے جنیوا میں مقیم ہیں، تاہم ذرائع کے مطابق وہ آئندہ چند روز میں لندن منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو حال ہی میں سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور عطا تارڑ بھی لندن پہنچے ہیں، جو مختلف ملاقاتوں اور تقریبات میں ان کے ہمراہ ہوں گے۔ذرائع نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ لندن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف امریکہ روانہ ہوں گے، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ہے۔