لاہور: ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے اعلان کیا ہے کہ مون سون 2025 کا سلسلہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور تمام دریاؤں میں پانی کی سطح معمول پر آ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے دوران جو بھی صورتحال پیدا ہوئی، اس سے آگاہ رکھا جائے گا اور اب تمام دریائیں معمول کے مطابق بہہ رہی ہیں، تاہم ستلج میں پانی کا بہاؤ تھوڑا سا زیادہ ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ ایم فائیو موٹروے سیلابی پانی کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے اور اسے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ پچھلے 48 گھنٹوں سے پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور اب تک موٹروے پر کسی بھی طرح کے بریچ کا خطرہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل ٹیم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور پنجاب حکومت کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سوئی ناردرن گیس کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ چناب دریا میں مرالہ سے لے کر پنجند تک پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور تمام شگاف ایک ہفتے کے اندر بند کر دیے جائیں گے۔ راوی دریا کے سدھنائی مقام پر جو بڑا شگاف آیا تھا، اسے بھی مکمل طور پر بھر دیا گیا ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ سیلابی پانی نے سندھ کو زیادہ نقصان نہیں پہنچایا اور دریائے سندھ میں سکھر کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی جاری ہے، جہاں پانی کی سطح میں 62 ہزار 325 کیوسک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔