لاہور : پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا نے بتایا ہے کہ پنجاب کے تینوں دریاؤں میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں قصور کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی آ رہی ہے، لیکن پاکپتن، بہاولنگر اور وہاڑی میں کل تک ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک پانی پہنچنے کی توقع ہے۔ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور شام تک یہاں پانی اپنی بلند ترین سطح پر ہوگا۔
عرفان کاٹھیا کے مطابق تریموں بیراج میں پانی کا بہاؤ تین لاکھ 61 ہزار 633 کیوسک ہے جو ایک لاکھ کیوسک بڑھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مون سون کے نواں سیلابی سپیل نے بھی شدید تباہی مچائی ہے۔ اب تک سیلاب کی وجہ سے 33 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 20 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ پنجاب میں 2200 سے زائد دیہات سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پاک فوج ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ریلیف کیمپس میں موجود افراد کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اب تک ساڑھے 7 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔