Get Alerts

گجرات میں 24 گھنٹے سے ہنگامی صورتحال، پی ڈی ایم اے کی ریسکیو کارروائیاں جاری: عرفان علی کاٹھیا

گجرات میں 24 گھنٹے سے ہنگامی صورتحال، پی ڈی ایم اے کی ریسکیو کارروائیاں جاری: عرفان علی کاٹھیا

گجرات:ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا ہے کہ گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے ناگہانی صورتحال کا سامنا ہے، جہاں شدید بارشوں اور سیلابی پانی کے باعث مختلف علاقوں میں مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔ تمام متعلقہ ادارے اس وقت گجرات میں پانی کی نکاسی کے لیے متحرک ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، ریلوے روڈ، شاہ جہانگیر اور دیگر اہم سڑکیں کلیئر کر کے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں، جبکہ جناح چوک اور کچہری روڈ پر پانی ابھی باقی ہے، جسے اگلے 22 گھنٹوں میں مکمل طور پر صاف کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں صورتحال قدرے بہتر ہے، اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اب اضافہ نہیں ہو رہا۔ تاہم، ہیڈ مرالہ سے نکلنے والا دوسرا سیلابی ریلا اب تریموں پر اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے، جہاں اس وقت 5 لاکھ 83 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈی جی کا کہنا ہے کہ اگلے 12 سے 18 گھنٹوں میں یہ ریلا 6 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ ملتان میں کم از کم اگلے 72 گھنٹے یہی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ، ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے، اور جلد ہی وہ بھی 6 لاکھ کیوسک کو عبور کر جائے گا۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب بھر میں سیلابی صورتحال سے اب تک 41 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 20 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اب تک صوبے بھر میں 56 قیمتی جانیں اس قدرتی آفت کی نذر ہو چکی ہیں۔

ٹیگز: