اسلام آباد: وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حج 2026 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ سکیم کے تحت اس سال 37 ہزار 903 نئے عازمین حج درخواست جمع کروا سکیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال حج سے رہ جانے والے 22 ہزار 97 افراد نے پہلے ہی اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حج پر بھیجا جائے گا۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو اس بات کا تحریری حلف نامہ دینا ہوگا کہ گزشتہ سال رہ جانے والے تمام عازمین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے اس سال پرائیویٹ حج آپریٹرز کا کل کوٹہ 60 ہزار مقرر کیا ہے، جس میں سے 22 ہزار 97 کوٹے پر وہ افراد جائیں گے جو گزشتہ سال حج سے محروم رہ گئے تھے، جبکہ باقی 37 ہزار 903 کوٹے نئے درخواست گزاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے حج آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ شفاف طریقے سے درخواستیں وصول کریں اور تمام عمل وزارت کی مقرر کردہ شرائط کے مطابق مکمل کیا جائے۔