Get Alerts

ایشیا کپ،پاک بھارت میچ میں نو ہینڈ شیک تنازع کے بعد  ایک اور نیا شوشہ،آئی سی سی کس معاملے پربرہم ہوگیا؟

ایشیا کپ،پاک بھارت میچ میں نو ہینڈ شیک تنازع کے بعد  ایک اور نیا شوشہ،آئی سی سی کس معاملے پربرہم ہوگیا؟

ایشیا کپ کے پاک بھارت میچ میں نو ہینڈ شیک تنازع کے بعد ایک اور نیا شوشہ گردش کر رہا ہے جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ کپتان اور آفیشلز کی میٹنگ کی ویڈیو بنوانے پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کا نوٹس دیا ہے، جہاں موبائل فون اور کیمرے لے جانے پر پابندی ہوتی ہے۔

مزید یہ کہ پاکستانی ٹیم پر ایشیا کپ میں متعدد قوانین کی خلاف ورزی کا بھی الزام لگایا گیا ہے، اور پی سی بی کی جانب سے میچ ریفری کی معذرت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر آئی سی سی نے برہمی ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے پاک بھارت میچ میں بھارتی کپتان کی ہدایت پر پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد ازاں اینڈی پائی کرافٹ کو پاکستانی ٹیم سے معذرت کرنا پڑی تھی۔

ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے سیاسی سوالات پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ پاک بھارت میچ کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے بتایا کہ میچ ریفری نے کپتان اور مینجر سے معذرت کی ہے اور آئی سی سی اس معاملے کی انکوائری کرے گا۔سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور نجم سیٹھی نے بھی پاک بھارت تنازع پر بات کی اور کہا کہ پاکستان نے جذباتی نہیں، بلکہ دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے۔

اس تنازع کے باعث ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور مختلف چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں۔

ٹیگز: