کراچی: وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صوبوں یا نئے انتظامی یونٹس کی بات کرنا کوئی کفر یا سازش نہیں، نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے کوئی قتل و غارت نہیں ہوگی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کے عوام کو انتظامی یونٹس کے معاملے پر کسی سازش کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مؤثر انتظامی نظام کے لیے نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے اور اس کے بغیر ملک موجودہ طریقہ کار کے تحت نہیں چل سکتا۔
وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنی کارکردگی چھپانے کے لیے سندھ کارڈ استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے آگے جائیں تو سندھ کی غربت اور پسماندگی واضح نظر آتی ہے، جبکہ اندرون سندھ رہنے والے عوام خطے کے سب سے زیادہ محروم طبقات میں شامل ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ ملک کو تقسیم کرنے کے لیے نہیں بلکہ انتظامی امور بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ہے۔