بابراعظم بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے ایک اور عالمی ریکارڈ چھیننے کے قریب

بابراعظم بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے ایک اور عالمی ریکارڈ چھیننے کے قریب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے نمبرون بلے باز بننے کے بعد ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے میں قریب پہنچ گئے ہیں جس کیلئے انہیں ٹی 20 کرکٹ میں مزید 60 رنز درکار ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں اگر 60 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 2000 انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن جائیں گے، بابراعظم اب تک 49 ٹی 20 میچز میں 48.50 کی اوسط سے 1940 رنزبناچکے ہیں۔ 
مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں تیز ترین 2000 رنز بنانے کا کارنامہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 56 ٹی 20 اننگز میں عبور کیا تھا لیکن بابراعظم ان سے یہ اعزاز چھین سکتے ہیں، یہی نہیں بلکہ بابراعظم دنیا کے 11ویں بیٹسمین ہوں گے جو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 2000 رنز بنائیں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ٹی 20 میچز کی سریز کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا اور تمام میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اس وقت بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20سیریز کے چار میچوں میں 52.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 210 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابراعظم نے سیریز کے تیسرے میچ میں سنچری بھی سکور کی تھی اور ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی، پاکستان نے آخری مرتبہ 2018ءمیں زمبابوے کا دورہ کیا تھا، جہاں کھیلے گئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔