راولپنڈی / بنوں : سکیورٹی فورسز نے بنوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر بجلی کی تیزی سے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ 'فتنہ الخوارج' کے دو اہم ترین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی سے دہشت گردوں کا ایک خطرناک سیل تباہ ہو گیا ہے۔
کارروائی کے دوران خارجی رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار مارا گیا۔ وحید اللہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا اور بنوں میں 21 فروری 2026 کو ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی ہینڈلر اور منصوبہ ساز تھا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تیار خودکش جیکٹ، جدید اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا ہے، جو کسی بڑی تخریب کاری میں استعمال ہونا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے مشن پر تھے۔صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو اس شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ "خفیہ اطلاع پر کی گئی یہ پیشہ ورانہ کارروائی دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لیے کافی ہے۔" انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج کے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔