راولپنڈی :جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے ایک بڑا آپریشن کیا جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم 'فتنہ الخوارج' کے 11 دہشتگرد واصل جہنم کر دیے گئے، جبکہ 7 دہشتگرد زخمی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
آپریشن کے دوران میجر سید معیذ عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔میجر معیذ کا تعلق چکوال سے تھا، عمر 37 برس اور 14 سال سے وطن کے دفاع کی خدمت انجام دے رہے تھے، سوگواران میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں۔لانس نائیک جبران اللہ کا تعلق بنوں سے تھا، عمر 26 برس اور 8 سال سے پاک فوج کا حصہ تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک پرعزم ہیں اور شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔