اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی 54 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کا نام قوم کی تاریخ میں ہمیشہ وفاداری، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر زندہ رہے گا۔
وزیراعظم نے راشد منہاس کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمت اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال ہے۔ 1971 میں آج کے دن انہوں نے غیر معمولی عزم اور جذبے کے ساتھ پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ راشد منہاس کا لاجواب جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی ہماری مسلح افواج اور پوری قوم کے لیے ایک لازوال ترغیب ہے۔ ان کی بہادری کی داستان قومی ضمیر کو آزادی کی قیمت اور وطن کے دفاع کے لیے درکار حوصلے کی یاد دلاتی رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پائلٹ راشد منہاس کا نام ہمیشہ پاکستان کے لیے فخر اور حوصلے کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔