Get Alerts

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ٹوکیو کے ٹریفک کنٹرول سینٹر کا دورہ، پنجاب میں جدید ٹریفک نظام لانے کا اعلان

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ٹوکیو کے ٹریفک کنٹرول سینٹر کا دورہ، پنجاب میں جدید ٹریفک نظام لانے کا اعلان

ٹوکیو / لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں قائم جدید ترین ٹریفک کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ٹریفک کو کنٹرول اور مانیٹر کرنے والے جدید سسٹمز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ٹوکیو وہ پہلا شہر ہے جہاں ٹریفک مانیٹرنگ کے لیے انفرا ریڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ سڑکوں کے کنارے نصب سینسرز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ کو یہ بھی بتایا گیا کہ یہاں گاڑیوں کی رفتار، لائن میں چلنے اور سگنل کی خلاف ورزی جیسے معاملات پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے، جبکہ کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس اور پولیس فوری طور پر حرکت میں آتی ہے۔

مریم نواز نے جدید ٹریفک کنٹرول روم میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی، ڈیٹا کلیکشن، ٹرانسپورٹ پلاننگ اور موسمی الرٹس کے سسٹمز کا خود جائزہ لیا۔

دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ جاپان کے تجربے سے سیکھتے ہوئے پنجاب خصوصاً لاہور میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو پنجاب کی پہلی "سمارٹ سٹی" بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں فنڈز بھی مختص کیے جا چکے ہیں۔

مریم نواز نے مزید بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ماس ٹرانزٹ سسٹمز لائے جا رہے ہیں، اور پنجاب کے بڑے شہروں کے ٹریفک نظام کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک 12 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر اور مرمت مکمل ہو چکی ہے، اور سیف سٹی کیمروں کو بھی ٹریفک کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: