Get Alerts

این ڈی ایم اے کا شمالی علاقوں میں خراب موسم کے باعث سفری الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کا شمالی علاقوں میں خراب موسم کے باعث سفری الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو سفر سے متعلق احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث کئی اہم سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، جن پر سفر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شیوک میں سلتو رو دریا کا پل متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے راستہ بند ہے۔ جگلوٹ – اسکردو روڈ پر واقع استک پل کو نقصان پہنچا ہے، جہاں صرف ون وے ٹریفک کی اجازت ہے۔

اس کے علاوہ دیان تا غذر، شندور، خلتی، دین اور اشکومن کی سڑکیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں اور فی الحال مکمل طور پر بند ہیں۔ کارگل – اسکردو روڈ اور تھنگل نالہ سے شگر جانے والا راستہ بھی بند ہے، جبکہ گلگت – نلتر روڈ پر بھی ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔

تاہم کچھ علاقوں میں بحالی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ گانچھے میں سرمو پل اور اسکردو میں باغیچہ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اسی طرح گلمت تا گوجال روڈ، گرو روڈ اور چلم روڈ پر بھی ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شمالی علاقوں میں متاثرہ سڑکوں پر سفر سے گریز کریں اور غیر محفوظ یا متبادل راستوں پر سفر نہ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
 
 

ٹیگز: