Get Alerts

این ڈی ایم اے کا مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا الرٹ، مختلف علاقوں میں خطرہ

این ڈی ایم اے کا مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا الرٹ، مختلف علاقوں میں خطرہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 تا 25 جولائی تک مون سون بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ، اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

اس کے علاوہ، نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر، اور بالائی پہاڑی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں بشمول راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور، اور رحیم یار خان میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت دیگر شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے اور نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔

سندھ کے مختلف اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نوابشاہ اور میرپورخاص میں بھی بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث سندھ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور سڑکوں، گلیوں، اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ تیز بہاؤ والی ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین اپنی قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا بندوبست کریں۔

این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ٹیگز: