لاہور : خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی مون سون کی 10 ویں سپیل کے باعث ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 سے 9 ستمبر کے دوران پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
خاص طور پر راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشیں ہوں گی اور رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خاص خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں کے بپھرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس لیے صوبے کے تمام انتظامی اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں، طوفانی موسم میں محفوظ جگہوں پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔