لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ لاہور میں ایک بار پھر کالی گھٹائیں چھا گئیں، جبکہ بارشی پانی کے باعث شوکت خانم کے قریب سڑک پر دو مقامات پر گڑھے پڑ گئے۔
سیالکوٹ، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی مون سون کا دوسرا اسپیل جاری ہے۔ سرائے عالمگیر میں شدید بارش کے بعد مین جی ٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب دریائے چناب میں نچلے درجے کے سیلاب کے باعث جلالپور بھٹیاں میں دریا کنارے آبادیوں کو خالی کرا لیا گیا ہے، جبکہ ملحقہ دیہات سے بھی لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
قصور میں دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا، جبکہ احمد پور شرقیہ میں ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیتی مشقیں جاری ہیں