Get Alerts

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، شہریوں کو فوری انتباہ

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال، شہریوں کو فوری انتباہ

لاہور: مون سون بارشوں کے سلسلے میں پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ترجمان پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے سندھ کے تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر درمیانے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے۔ تربیلا پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 30 ہزار کیوسک، کالا باغ پر 4 لاکھ 32 ہزار، چشمہ پر 4 لاکھ 80 ہزار اور تونسہ پر 4 لاکھ 54 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 65 ہزار اور 69 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی کے جسڑ کے مقام پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے جہاں پانی کا بہاؤ 54 ہزار کیوسک ہے۔ علاوہ ازیں نالہ پلکھو میں درمیانے جبکہ نالہ ایک بئیں اور بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی کیفیت رپورٹ ہوئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، لہٰذا جو لوگ دریاؤں کے نزدیک رہائش پذیر ہیں وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں جہاں متاثرین کو تمام بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم کی شدت اور سیلاب کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ دریاؤں کی کراسنگ کے لیے معیاری کشتیوں اور لائف جیکٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

ٹیگز: