اسلام آباد: شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
اسعد حسن الشیبانی نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی کی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
دورے کے دوران علاقائی اور عالمی امور بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے، جبکہ دفاع، اقتصادی تعاون اور دیگر شعبوں میں روابط بڑھانے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق اسعد حسن الشیبانی کا پاکستان کا یہ دورہ تقریباً 19 برس بعد کسی شامی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے دورے کو پاک شام تعلقات مزید مستحکم کرنے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو نئی وسعت دینے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔