لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ریاست کو کبھی تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمران اپنے عوام کے مفادات کا تحفظ نہیں کرتے اور اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے امن معاہدے کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔
حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم حماس کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جب کہ اسرائیل بار بار امن معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے اسرائیل کو فوراً وہاں سے نکالنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری امت مسلمہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور حماس کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جانا چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمان نے مسلم حکمرانوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے پاکستان کی ایٹمی طاقت پر بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان پورے مسلم دنیا میں واحد ایٹمی طاقت ہے، لیکن دنیا کے وسائل پر چند طاقتور افراد کا قبضہ ہے۔
بنگلادیش کے حوالے سے بھی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم بنگلادیش میں عثمان ہادی کی شہادت کو کبھی نہیں بھول سکتے اور وہاں کے نوجوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وہ انقلاب چاہیے جو عدل و انصاف کی بنیاد پر قائم ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار دنیا میں مضبوط ہونا چاہیے، اور ہمیں اپنی طاقت کا استعمال اپنے عوام کے حقوق کی حفاظت کے لیے کرنا ہوگا۔