Get Alerts

وزیراعظم کی ڈی ایف سی کے سی ای او سے ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت

وزیراعظم کی ڈی ایف سی کے سی ای او سے ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت

واشنگٹن : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے واشنگٹن میں یونائیٹڈ سٹیٹس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ڈی ایف سی کے سٹریٹجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع منصوبوں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ بینجمن بلیک کے ہمراہ ڈی ایف سی کے سرمایہ کاری کے سربراہ کونر کولمین اور ایجنسی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری اور دونوں ممالک کے نجی اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو متحرک کرنے میں ڈی ایف سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے عزم، میکرو اکنامک اصلاحات، اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کا ذکر کرتے ہوئے ڈی ایف سی سے توانائی، کان کنی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کی درخواست کی۔

انہوں نے ڈی ایف سی کے 1 ارب ڈالر سے زائد کے پورٹ فولیو کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا، جو کہ کاروباری تعاون کے لیے فائدہ مند مواقع فراہم کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو اسلام آباد میں اپریل میں منعقد ہونے والی معدنیات کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

بینجمن بلیک نے وزیراعظم کو ڈی ایف سی کے اسٹریٹجک اقدامات اور پاکستان میں متوقع منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ڈی ایف سی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، اور وہ شراکت دار ممالک میں اقتصادی ترقی کی حمایت کے لیے تیار ہے۔

ٹیگز: