Get Alerts

بابر اعظم کے رول پر واضح پلان ہے، فخر زمان ضرورت پڑنے پر ایکشن میں ہوں گے: ہیڈ کوچ مائیک ہیسن

بابر اعظم کے رول پر واضح پلان ہے، فخر زمان ضرورت پڑنے پر ایکشن میں ہوں گے: ہیڈ کوچ مائیک ہیسن

کولمبو: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ٹیم کی تیاریاں مکمل ہیں اور کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اسٹار بیٹر بابر اعظم کے بیٹنگ آرڈر اور فخر زمان کی ٹیم میں شمولیت سمیت اہم امور پر کھل کر گفتگو کی۔
مائیک ہیسن نے بابر اعظم کے کردار کے حوالے سے اہم وضاحتیں پیش کیں۔  ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم کو معلوم ہے کہ ٹیم کو ان سے کیا درکار ہے۔ ہمیں ان کی خدمات مڈل آرڈر میں زیادہ مطلوب ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بابر اعظم خود بھی آگاہ ہیں کہ ان کا پاور پلے میں اسٹرائیک ریٹ 100 سے کم ہے، اسی لیے ایشیا کپ کے بعد انہیں ایک مخصوص رول کے لیے واپس لایا گیا ہے۔نمیبیا کے خلاف مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابر کو 11ویں یا 12ویں اوور میں بھیجنے کا کوئی فائدہ نہیں تھا، بعض اوقات دوسرے کھلاڑی وہ رول زیادہ بہتر انداز میں نبھا سکتے ہیں۔
فخر زمان کی عدم موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ہیسن نے کہا   "فخر زمان ہمارے اسکواڈ کا حصہ ہیں اور وہ ضرورت پڑنے پر ضرور کھیلیں گے۔ فی الحال کنڈیشنز اسپنرز کے لیے زیادہ سازگار ہیں، اس لیے ہم بہترین ممکنہ کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے ٹیم کے دیگر اراکین پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔ ہیسن نے عثمان طارق کی اسکلز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیک وقت دفاع اور اٹیک کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سلمان آغا کے آؤٹ ہونے پر ان کی مایوسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کوچ نے کہا کہ کھلاڑی کھیل کے لیے پرجوش ہوتے ہیں اور ایسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔

ٹیگز: