Get Alerts

ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی عمان پر یکطرفہ فتح، 9 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ مرحلہ مکمل کر لیا

ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی عمان پر یکطرفہ فتح، 9 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ مرحلہ مکمل کر لیا

پالی   کیلے: ٹی 20 ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں آسٹریلیا نے عمان کے خلاف تباہ کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی۔ پالیکیلے میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلوی بولرز اور بیٹرز نے عمان کی ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ عمان کی پوری ٹیم آسٹریلوی بولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔  عمان کی ٹیم 17 ویں اوور میں صرف 104 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ وسیم علی 32 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ کپتان جتندر سنگھ نے 17 اور حماد مرزا نے 16 رنز بنائے۔
سٹار اسپنر ایڈم زمپا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ گلین میکسویل اور زیویئر بارٹلیٹ نے 2، 2 جبکہ نیتھن ایلس اور مارکس اسٹوائنس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
105 رنز کا آسان ہدف آسٹریلیا نے کسی دشواری کے بغیر صرف 9.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔مچل مارش نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 64 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ اوپنر ٹریوس ہیڈ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جوش انگلس 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ عمان کی جانب سے واحد وکٹ شکیل احمد کے حصے میں آئی۔

ٹیگز: