ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی پہلی فتح، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی پہلی فتح، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

لکھنئو:ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی پہلی فتح، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔آسٹریلیا نے ابتدائی دو میچوں میں مسلسل شکستوں کے بعد ورلڈ کپ 2023 میں بالآخر سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کرلی ۔ سری لنکا کے کپتان کوسل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ٹیم کے اوپنرز نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کر دکھایا اور ٹیم کو 125 کی مضبوط شراکت فراہم کی۔اس سے پہلے کہ سری لنکن اوپنرز مزید خطرناک ثابت ہوتے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی مل گئی اور 61 رنز بنانے والے پاتھم نسانکا پیٹ کمنز کی وکٹ بن گئے۔


کوسل پریرا کا ساتھ دینے کپتان کوسل مینڈس وکٹ پر آئے لیکن دونوں بلے بازوں کے درمیان طویل شراکت قائم نہ ہوسکی اور 157 کے مجموعی اسکور پر کوسل پریرا 78 کے انفرادی سکور پر پیٹ کمنز کی وکٹ بن گئے۔دوسری وکٹ گرتے ہی سری لنکا کی بیٹنگ لائن پوری لڑکھڑا گئی اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی چلی گئی اور کوئی کھلاڑی آسٹریلوی باؤلرز کا جم کر سامنا نہ کر سکا۔سری لنکا کے دوہرے ہندسے میں سکور کرنے والے تیسرے کھلاڑی چارتھ اسالانکا تھے جو 25 رنز بنا سکے۔


سری لنکا کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 209 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور آسٹریلیا کو فتح کے لیے 210 رنز کا ہدف ملا۔آسٹریلیا کی جانب سے سپنر ایڈم زامپا نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے 2، 2 جبکہ گلین میکسویل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو تجربہ کار اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک چھکے کی مدد سے 6 گیندوں پر 11 رنز بنائے لیکن 3 اوورز میں جب سکور 24 رنز تھا تو وہ مدوشانکا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔سری لنکا کے مدوشنکا نے اپنے اسی اوور میں ٹیم کو ایک اور کامیابی دلائی اور تجربہ کار بلے باز سٹیو سمتھ کو صفر پر پویلین بھیج دیا، انہوں نے 5 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔مچل مارش اور مارنس لیبوشین نے 24 رنز پر دو اہم وکٹیں گرنے کے بعد تیسری وکٹ کے لیے اچھی شراکت قائم کی اور ٹیم کو کسی حد تک دباؤ سے باہر نکالا۔


سری لنکا کے باؤلرز نے آسٹریلیا کو پریشان کیے رکھا اور لیبوشین کو شروع میں ہی امپائر نے آؤٹ قرار دیا تھا لیکن بلے باز نے ریویو لیا جو ان کے حق میں گیا اور یوں آسٹریلیا ایک بڑے نقصان سے بچ گیا۔مچل مارش رواں ورلڈ کپ میں نصف سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن گئے تاہم وہ طویل اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 52 رنز بنانے کے بعد 81 کے سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔


جوش انگلیس اور لیبوشین نے ٹیم کی پیش قدمی جاری رکھی اور شراکت میں 77 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 29 ویں اوور میں 158 رنز تک پہنچایا، اس دوران انگلیس نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔لیبوشین نے 60 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے اور مدوشنکا کی گیند پر کارونا رتنے کو کیچ دے گئے۔آسٹریلیا کے پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز جوش انگلیس تھے، جو 59 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنا کر ویلالگے کا نشانہ بنے۔

گلین میکسویل اور مارکوس اسٹوئنس نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اور 35 اوورز کے اختتام پر 209 رنز بنا کر سکور برابر کردیا اور 36 ویں اوور کی دوسری گیند پر اسٹوئنس نے بلند وبالا چھکا مار کر ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلائی۔آسٹریلیا نے 5 وکٹوں پر215 رنز بنا کر بالآخر ورلڈ کپ 2023 میں اپنی پہلی فتح حاصل کرلی۔میکسویل 31 گیندوں پر 4 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 31 اور اسٹوئنس دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے سب سے زیادہ 3 اور ویلالگے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مصنف کے بارے میں