جمہوریت کو پامال نہیں ہونے دیں گے،اب اس ملک میں صرف قانون کی حکمرانی رہے گی،چیف جسٹس پاکستان

جمہوریت کو پامال نہیں ہونے دیں گے،اب اس ملک میں صرف قانون کی حکمرانی رہے گی،چیف جسٹس پاکستان

لاہور:چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اب اس ملک میں صرف قانون کی حکمرانی رہے گی، یہ ہم سب کا عہد ہے اور ہم جمہوریت کو پامال نہیں ہونے دیں گے،بیوی بچوں کو کہہ دیا ہے کہ میں ایک سال کے لیے آپ کا نہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بار میں پرجوش خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کو پامال نہیں ہونے دیں گے اور اب اس ملک میں صرف قانون کی حکمرانی ہوگی،ملک میں بہت مسائل ہیں ، انھیں حل کرنا ہے،ججز اور عدلیہ اس قوم کے مقروض ہیں،انصاف دینا احسان نہیں ہمارا فرض ہے،ہم سب ایک ہیں اور ہمیں چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے،اگر اس وعدے کو پورا نا کیا تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔

چیف جسٹس پاکستان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وکیل کا کردار بھی ایک ڈاکٹر جیسا ہے،مظلوم کی دادرسی نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ دو، میں آپ سب سے دیانتدار کا تحفہ مانگ رہا ہوں،سپریم کورٹ ایک آزاد ادارہ ہے،عدلیہ پر سب کو فخر ہونا چاہیے،عدلیہ کا کا م فتنہ ختم کرنا ہے اورقیامت کے دن سب سے پہلے منصف قاضی کو بلایا جائے گا۔اپنے خطاب میں جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کسی جج کو اپنی مرضی اور منشا کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں،اللہ نے ہمیں انصاف کرنے کی توفیق عطا کی ہے،ہم نے قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں۔

بار میں موجود وکلاءکو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آپ کا ممنون ہوں کہ آپ یہاں تشریف لائے،بار اور بنچ ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں، دونوں ایک دوسرے کے بغیر کچھ نہیں،میں کسی کی ذاتی ستائش نہیں کر رہا،بنچ کے تمام لوگ ایماندار اور قابل فخر ججز ہیں،ہمیں کسی کے کہنے سے کچھ فرق نہیں پڑتا،کپتان اپنی ٹیم پر انحصار کرتا ہے اور جس کو ڈیرھ لاکھ کی فوج مل جائے اس سپہ سالار کا حوصلہ کیا ہو گا۔